لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )پی ڈی ایم اے پنجاب نے رودکوہیوں میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلابی ریلوں کی وارننگ جاری کر دی۔ کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں سے پانی کے بہاؤ مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ کمشنر ڈیرہ غازی خان اور ڈی سیز کو صورتحال بارے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو آپریشن کے لیے پیٹرول و ڈیزل کا سٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے۔ شہریوں کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔ دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلاء کو یقینی بنائیں۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پینے کے صاف پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔