کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سوشل میڈیا پر دوستوں نے دوست کی تصاویر اپ لوڈ کر کے نوجوان کی زندگی خطرے میں ڈال دی۔کورنگی میں دوستوں نے سوشل میڈیا پر مذاق میں دوست کو ڈکیت بتا کر تصاویر وائرل کردیں۔ دوستوں کے کھیل سے 20سالہ عبدالباسط شدید ذہنی اذیت کا شکار ہو گیا۔عبدالباسط کا کہنا ہے کہ تصاویر وائرل ہونے کے بعد اس نے گھر سے نکلنا چھوڑ دیا ہے۔قتل کی دھمکیاں بھی مل رہی ہیں اور گھر سے باہر منہ چھپا کے نکلنا پڑ رہا ہے۔عبدالباسط نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے اور پولیس کو معاملے کی شکایت کی جس پر پولیس نے دوستوں کو تھانے بلوا کر معافی منگوائی۔ اس حوالے سے دوستوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ مذاق اتنا سنگین ہوجائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک خطرناک رجحان ہے جس کی وجہ سے کسی معصوم کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔