ہوم Pakistan سویلینز کے ملٹری ٹرائل سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کو فیصلے سنانے...

سویلینز کے ملٹری ٹرائل سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کو فیصلے سنانے کی اجازت دیدی

0



( امانت گشکوری )سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نےسویلنز کے ملٹری کورٹ ٹرائل کے کیس میں فوجی عدالتوں کو 85 ملزموں کے کیسز کے فیصلے سنانے کی اجازت دیدی۔ 

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے جسٹس امین الدین کی سربراہی میں ملٹری کورٹس کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کی، وزارت دفاع  کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیئے،سماعت کے آغاز میں آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں کے کیس کے علاوہ دیگر تمام کیسز کی سماعت موخر کرتے ہوئے کہا کہ آج صرف فوجی عدالتوں والا کیس ہی سنا جائے گا۔

آئینی بنچ نے کہا کہ زیر حراست 103 میں سے 20 افراد رہا ہوگئے تھےجن ملزموں کی سزاؤں میں رعایت مل سکتی ہے انہیں رعایت دے کر رہا کیا جائے۔

جسٹس جمال مندوخیل ریمارکس دیئے کہ اس نکتے پر دلائل دیں کہ آرمی ایکٹ کی کالعدم دفعات آئین کے مطابق ہیں، کیا آرمی ایکٹ میں ترمیم کرکے ہر فرد کو اس کے زمرے میں لایا جا سکتا ہے؟ اس پہلو کوبھی مدنظر رکھیں کہ آرمی ایکٹ 1973 کے آئین سے پہلے بنا تھا۔

 جسٹس محمد علی مظہر نے سوال کیا پہلے بتائیں عدالتی فیصلے میں دفعات کالعدم کرنے کی وجوہات کیا ہیں؟  خواجہ حارث نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں خرابیاں ہیں۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ کل بھی کہا تھا کہ 9 مئی واقعات کی تفصیلات فراہم کریں، فی الحال تو ہمارے سامنے معاملہ صرف کور کمانڈر ہاوس کا ہے، اگر کیس صرف کور کمانڈر ہاؤس تک ہی رکھنا ہے تو بھی آگاہ کردیں، اس پر ایڈشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا تمام تفصیلات آج صبح ہی موصول ہوئی ہیں،تفصیلات متفرق درخواست کی صورت میں جمع کروائیں گے۔ 

آئینی بینچ کی جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیا جن دفعات کو کالعدم قرار دیا گیا ہے انکے تحت ہونے والے ٹرائل کا کیا ہوگا؟ 9 مئی سے قبل بھی تو کسی کو ان دفعات کے تحت سزا ہوئی ہوگی، وزارت دفاع کے وکیل نے جواب دیا عموماً کالعدم ہونے سے پہلے متعلقہ دفعات پرہوئےفیصلوں کو تحفظ ہوتا ہے، اس پر جسٹس مسرت نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو اُن ملزمان کے ساتھ تعصب برتنے والی بات ہوگی۔

جسٹس مندوخیل نے کہا کہ افواجِ پاکستان میں کوئی شخص زبردستی نہیں،اپنی مرضی سے جاتا ہے، فوج میں شامل ہونےوالےکومعلوم ہوتا ہےاس پر آرمی ایکٹ لاگو ہوگا اور آرمی ایکٹ کے تحت بنیادی حقوق میسر نہیں ہوتے، آرمی ایکٹ بنایا ہی فوج کی ملازمت کے قواعد اور ڈسپلن کےلیے ہے، اس پر وکیل خواجہ حار ث نے کہا کہ فوج میں کوئی بھی جرم کی نیت سے نہیں جاتا، بنیادی حقوق جرم کرنے پر ہی ختم ہوتے ہیں۔ 

جسٹس مندوخیل نے سوال کیا کیا اپیل میں سپریم کورٹ صرف اپیل کنندہ کی استدعا تک محدود رہے گی؟کیا عدالت فیصلے کے دیگر پہلو کابھی جائزہ لے سکتی ہے؟ اس پر جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے کہ فریقین اپنی معروضات تک محدود رہ سکتے ہیں لیکن عدالت نہیں۔ 

سماعت کے اختتام پر  آئینی بینچ نے کیس میں آج کی سماعت کا آرڈر جاری کرتے ہوئے فوجی عدالتوں کو  ملزمان کے فیصلے سنانے کی اجازت دے دی۔ 

آئینی بینچ نے کہا کہ فوجی عدالتوں کےفیصلےسپریم کورٹ میں زیرالتواء مقدمہ کےفیصلےسےمشروط ہونگے، جن ملزمان کو سزائوں میں رعایت مل سکتی ہے وہ دے کر رہا کیا جائے، جن ملزموں کو رہا نہیں کیا جا سکتا انہیں سزا سنانے پر جیلوں میں منتقل کیا جائے۔ 

عدالت نے ملٹری کورٹس کیس کی سماعت موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔ 





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version