کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )ملک کے معروف بزنس مین عارف حبیب نے کہا ہے کہ میں نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور شہبازشریف سے فون پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا تھا لیکن ا±نہوں نے نہیں س±نا۔
گزشتہ شب جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ میں گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب کا کہنا تھاکہ آج وزیراعظم سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے جو بات کی وہی بات آرمی چیف سے بھی پہلی ملاقات میں کہی تھی۔انہوں نے بتایاکہ آرمی چیف کوبھی میٹنگ میں کہا تھا کہ پولیٹیکل پولرائزیشن کی وجہ سے ملک کو نقصان ہورہا ہے، سیاسی پولرائزیشن کوختم ہونا چاہئے، سیاسی پولرائزیشن کے خاتمے کےلئے اقدامات کرنے چاہئیں توآرمی چیف کا کہنا تھاکہ پولرائزیشن ویسی نہیں جیسی آپ دیکھ رہے ہیں۔
عارف حبیب کا کہنا تھاکہ سیاسی پولرائزیشن پرآرمی چیف نے کہا کہ تمام جماعتیں ایک ساتھ اور ایک جماعت دوسری سمت میں ہے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ بختاوربھٹو کی شادی کے وقت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کہا تھا کہ زرداری صاحب کوفون کرکے مبارک باد دیں، بلاول بھٹو کو جب کورونا ہوا تھا تو بانی پی ٹی آئی کوکہا تھا کہ ان کوبھی فون کریں لیکن بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا تھا کہ میں نے ٹویٹ کردیا ہے۔
عارف حبیب کا کہنا تھاکہ زرداری کو فون کرنے کی میری بات پربانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ آپ وہ بات کریں جو میں کرسکتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف میں بہت اہلیت ہے، ا±نہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات حل کئے، اتحادی جماعتوں اور نوازشریف کے معاملات حل کئے، کچھ تو ہے جس کی وجہ سے وہ تمام معاملات حل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج کراچی میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی تھی اور سوالات کے جوابات بھی دیے۔ انہوں نے تاجروں کو سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر کاروبار کرنے کی درخواست کی۔