ہوم Pakistan پاکستان کے جوابی حملے کے بعد ایران کی ایئر ڈیفنس سسٹم کی...

پاکستان کے جوابی حملے کے بعد ایران کی ایئر ڈیفنس سسٹم کی مشقیں

0


سیستان بلوچستان میں اہداف پر پاکستانی میزائل اور ڈورنز حملوں کے بعد ایران نے اپنے فضائی دفاعی نظام میں نئے ہتھیار کی مشق کی ہے۔

ایران نے کہا ہے کہ اس دفاعی مشق کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر جنوب مغرب سے جنوب مشرق کے ساحل تک پھیلے ہوئے علاقے میں دشمن کے حملے روکنا تھا جس میں اس مقصد کے لیے تیار کردہ خصوصی ڈرونز استعمال کیے گئے۔

جمعرات کو شروع ہونے والی دو روزہ مشقیں جنوب مغربی صوبہ خوزستان کے آبادان سے لے کر جنوب مشرقی صوبے سیستان اور بلوچستان کے چاہ بہار تک کے علاقے کا احاطہ کرتی ہیں جن کی سرحدیں پاکستان اور افغانستان سے ملتی ہے۔

پریس ٹی وی نے کہا کہ مشقوں میں فوج کی فضائیہ اور بحریہ، ایرو اسپیس فورس اور اسلامی انقلابی گارڈز کور کی بحریہ نے حصہ لیا۔

ایران کے ایک سرکاری بیان میں کہا ہے کہ ایئر ڈیفنس سسٹم کی مشقوں میں دشمن کا حملہ روکنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے جانے والے ڈرون کے استعمال کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ فائل فوٹو

ایران نے منگل کو، بقول اس کے پاکستانی سرحد کے اندر ایک سنی عسکری گروپ جیش العدل کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا جس کے دو روز بعد جمعرات کو پاکستان نے بھی ایران کے اندر بقول اس کے علیحدگی پسند عسکری گروپ پر فضائی حملہ کیا۔

“ادلے کا بدلہ” کی بنیاد پر کیے یہ حملے حالیہ برسوں میں سرحد پار مداخلت کی سب سے بڑی کارروائی تھی جس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے پھیلتے ہوئے دائرے میں مزید اضافے کے خدشات کو جنم دیا ہے ۔

ایک طرف جہاں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ جاری ہے تو دوسری جانب لبنان کے عسکری گروپ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان بھی جھڑپیں ہو رہی ہیں اور یمن کے حوثی باغی جنہیں ایران کی سرپرستی حاصل ہے، بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملے کر رہے ہیں۔ جسے روکنے کے لیے امریکہ اور برطانیہ نے یمن میں حوثیوں کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ایران اگرچہ براہ راست اسرائیل کے خلاف جنگ میں شامل نہیں ہے لیکن اس کی پراکسیز اور اس کی مدد سے چلنے والے عسکری گروپس نے شام اور عراق میں ایسے اہداف پر حملے کیے ہیں جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کے جاسوسی کے مراکز اور داعش کے ٹھکانے تھے۔

جمعے کو ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی نے فضائی دفاعی مشقوں کے بارے میں ایرانی فوج کے ایک ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ ایرانی فورسز نے فضائی دفاع کے لیے کامیابی کے ساتھ ایک نیا طریقہ شروع کیا ہے جو دشمن کے حملے کا راستہ روکنے کے لیے ڈرون کا استعمال کرتا ہے۔

ایرانی فوج کی طرف سے جاری کی جانے والی اس تصویر میں فضائی تحفظ کے لیے میزائل فائر کیا جا رہا ہے جس کا مقصد حملے کا راستہ روکنا ہے۔ 19 جنوری 2024

تعلقات معمول پر لانے کا عندیہ

پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کی ایک ناہموار تاریخ ہے لیکن دونوں نے ہی ایک دوسرے پر حملوں کے بعد کشیدگی میں کمی لانے کا عندیہ دیا ہے۔

پاکستان کے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کا مفاد اس میں ہے کہ وہ باہمی تعلقات کو 16 جنوری سے پہلے کی سطح پر لے جانے کے لیے اقدامات کریں۔

سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کی نگران وفاقی کابنیہ کے اجلاس کا ایک منظر۔ 19 جنوری 2024

جمعے کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 16 جنوری کو پاکستان پر ایرانی حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر وزارت خارجہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے پاکستانی فورسز کی طرف سے ملکی سیکیورٹی کی خلاف ورزی پر پیشہ ورانہ انداز میں جوابی کارروائی کرنے کی تعریف کی۔

وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان قانون کی پاسداری کرنے والا اور امن پسند ملک ہے اور وہ تمام ممالک بالخصوص اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کو اسلام آباد کے دورے کی دعوت دی ہے جس پر ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں وزارئے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو انتہائی مثبت رہی اور اعلیٰ سطح پر تعلقات کی بحالی پر بات کی گئی۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات رائٹرز اور اے ایف پی سے لی گئیں ہیں)



Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version