کراچی پولیس نے غیر ملکی شہریوں پر حملہ کرنے والے خودکش بمبار اور اس کے ساتھی کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے محمد ثاقب کے مطابق ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ مانسہرہ کالونی میں دہشت گردوں نے غیر ملکیوں کی گاڑی پر حملہ کیا جسے پولیس نے ناکام بناتے ہوئے حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گاڑی میں سوار تمام غیر ملکی مہمان محفوظ ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق دہشت گردوں نے گاڑی میں سوار پانچ جاپانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے جنہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
اب تک کسی تنظیم نے جاپانی شہریوں پر حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔
ایس ایس پی طارق الہیٰ مستوئی کے مطابق غیرملکی شہری اپنی رہائش گاہ سے کام کے مقام پر جا رہے تھے جنہیں دہشت گردوں نے مانسہرہ کالونی میں روکنے کی کوشش کی۔
طارق مستوئی کے مطابق حملے میں دو دہشت گرد ملوث تھے جن میں ایک خودکش بمبار اور دوسرا اسے کور کرنے کے لیے موجود تھا۔
ان کے بقول، جاپانی شہریوں کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا جس کے قبضے سے ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں جب کہ خودکش بمبار گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ دہشت گردوں نے خیبرپختونخوا کے شمالی ضلع شانگلہ کے سرحدی شہر بشام میں چینی انجینئروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا۔ حملے میں ایک خاتون سمیت پانچ چینی انجینئر اور ایک پاکستانی ڈرائیور ہلاک ہوئے تھے۔