کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ غذائی قلت اور ڈائریا کے شکار کمزور بچوں پر پولیو کے قطرے مؤثر ثابت نہیں ہو رہے‘انسانی ملک بینک کا پروجیکٹ بہت اچھا پروگرام ہے‘سندھ میں نومولود بچوں کی شرح اموات کم کرنے کے لئے پیڈیاٹرک اور نیونیٹل آئی سی یو قائم کر دیئے ہیں‘پیڈیاٹرکس آئی سی یو کے عملے کی تربیت کے لئے نمائش پر ٹریننگ سینٹر قائم کیا گیا ہے‘ بنیادی صحت کے مراکزمزید مستحکم کر رہے ہیں‘ مضافاتی علاقوں میں پی پی ایچ آئی کے تعاون سے گیارہ مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں حفاظتی ٹیکہ جات،غذائیت کے پروگرام اور خاندانی منصوبہ بندی کا پروگرام جاری ہے، عنقریب ان میں زچگی کی سہولیات بھی فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سندھ سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔وزیر صحت کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی سالانہ کارکردگی کو سال کے آخر میں عوام کے سامنے پیش کرنا ضروری ہے تاکہ آگاہی مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ جناح اسپتال میں گائنی وارڈ میں جنرل آئی سی یو بنایا ہے‘ایمبولینس سروس بھی ساتھ ہے ، اعظم بستی کے اسپتال میں بھی پیڈیاٹرک آئی سی یو شروع کیا ہےاور یہ سہولیات اب سکھر،لاڑکانہ اور جامشورو میں بھی فراہم کی جا رہی ہیں‘مضافاتی علاقوں میں صحت مراکز بنانے کی ضرورت ہے۔بلدیہ ٹاؤن میں امراض قلب کے اسپتال کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہےجوآئندہ ماہ فعال ہوجائےگا‘ اسپینسر آئی اسپتال کو کے ایم سی اور محکمہ صحت سندھ کے تعاون سے چلایا جائے‘گزدر آباد اسپتال اور سوبراج میٹرنٹی ہوم کو بھی محکمہ صحت سندھ کے تعاون سے چلانے کی کوشش ہے۔