گجرات (ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب کے ضلع گجرات کے نواحی گاﺅں میں اشتہاری ملزمان کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا جوان شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایلیٹ جوان طارق عزیز شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
آئی جی پنجاب نے ڈی پی او گجرات کو ملزمان کی جلد گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت بھی کردی۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس ٹیم اشتہاریوں کی فائرنگ کی اطلاع پر موقع پر پہنچی، پولیس کو دیکھ پر اشتہاری ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، ملزمان کی فائرنگ سے طارق عزیز اور محمد عامر زخمی ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاںطارق عزیز نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ طارق عزیز شہید نے فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کیا، شہید اہلکار کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے زخمی اہلکار کانسٹیبل محمد عامر کی بہترین نگہداشت کی ہدایت کی اور کہا کہ کانسٹیبل محمد عامر کی جلد صحت یابی کیلئے ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے۔