فیصل آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ سبز باغ دکھانے والے اب اپنی چالوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سابق وزیر ہمایوں اختر کی حلقہ این اے97 فیصل آباد میں سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں، انہوں نے حلقے کے دورے کے دوران کسانوں، سماجی شخصیات اور علاقہ عمائدین سے ملاقاتوں کیں، مختلف افراد کے گھر بھی پہنچے جہاں ان کے عزیز و اقارب کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان کا کہنا تھا کہ حلقہ کے عوام اب با شعور ہو چکے ہیں، سبز باغ دکھانے والے اب اپنی چالوں میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے، حلقے میں جگہ جگہ مسائل اور مشکلات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے منتخب ہونے والے اب بھی سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں، عوام جان چکے ہیں کہ کون لوگ ان کے مسائل کے حل اورعلاقے کی ترقی میں دلچسپی رکھتے ہیں، حلقے کے عوام، کسان اور نوجوان مایوس ہیں۔
ہمایوں اختر خان کا کہنا تھا کہ حلقے میں بچوں اور بچیوں کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتیں میسر نہیں، اکثریتی علاقوں میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں، سیوریج کے نظام کا برا حال ہے، علاقے کی پگ پہننے کے دعویداروں نے عوام کے لئے کچھ نہیں سوچا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ انشا اللہ جب بھی موقع میسر آئے گا علاقے کو مثالی حلقہ بنا کر دکھائیں گے، ہماری کوششوں سے مریدوالا انٹر چینج منظور ہو چکا ہے۔