سان فرانسسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے مالی سال 2025 میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) ماڈلز کی تربیت اور اے آئی و کلاؤڈ بیسڈ ایپلیکیشنز کے نفاذ کے لیے ڈیٹا سینٹرز کی ترقی پر تقریباً 80 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق 2022 میں اوپن اے آئی کی طرف سے چیٹ جی پی ٹی کے لانچ کے بعد سے اے آئی میں سرمایہ کاری میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ مختلف شعبوں کی کمپنیاں اپنی مصنوعات اور خدمات میں اے آئی کو شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے لیے بہت زیادہ کمپیوٹنگ پاور درکار ہوتی ہے جس کی وجہ سے خصوصی ڈیٹا سینٹرز کی طلب بڑھ گئی ہے۔ یہ سینٹرز ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ہزاروں چِپوں کو ایک دوسرے کے ساتھ کلَسٹرز میں جوڑنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
مائیکروسافٹ طویل عرصے سے اپنے اے آئی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور ڈیٹا سینٹر نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں مائیکروسافٹ کے سرمائے کے اخراجات 5.3 فیصد بڑھ کر 20 ارب ڈالرہو گئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مالی سال 2025 میں مائیکروسافٹ کے کل سرمائے کے اخراجات (کیپیٹل لیزز سمیت) 84.24 ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔
مائیکروسافٹ کے وائس چیئرمین اور صدر بریڈ سمتھ کے مطابق کمپنی کی 80 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا نصف سے زیادہ حصہ امریکہ میں خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا “آج امریکہ نجی سرمایہ کاری اور چھوٹے اور بڑے امریکی اداروں کی جدت کے ذریعے عالمی اے آئی کی دوڑ میں سبقت لے جا رہا ہے۔”
اوپن اے آئی کا مرکزی حمایتی ہونے کی وجہ سے مائیکروسافٹ بڑے ٹیکنالوجی اداروں میں اے آئی کی دوڑ میں اہم کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے۔ کمپنی کی اوپن اے آئی کے ساتھ خصوصی شراکت داری اسے مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ یہ سرمایہ کاری دنیا بھر میں اے آئی انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔