(ویب ڈیسک) آج کے دور میں اکثر لوگ سمارٹ فونز کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کرسکتے لیکن اب ایک نئی ڈیوائس اس کی جگہ لینے کو تیار ہے۔
میٹا کی جانب سے طویل عرصے سے سمارٹ فونز کے متبادل کے لیے اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) ٹیکنالوجی پر مبنی سمارٹ گلاسز کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے،اب اس حوالے سے کمپنی نے پہلی پیشرفت کی ہے اور اپنا پہلا اے آر اسمارٹ گلاس اورین متعارف کرایا ہے۔
میٹا کنکٹ نامی کانفرنس کے موقع پر کمپنی نے اپنے “فل ہوگرافک” اے آر گلاسز کو پیش کیا،میٹا نے 5 سال پہلے انکشاف کیا تھا کہ وہ ہولوگرافک اسمارٹ گلاسز پر کام کر رہی ہے مگر حقیقت تو یہ ہے کہ کمپنی نے اس منصوبے پر ایک دہائی قبل کام شروع کیا تھا۔
اورین کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ اب تک تیار ہونے والے بہترین اے آر گلاسز ہیں,اس کے اندر پراجیکٹرز موجود ہیں جو ہولوگرامز کو گلاسز میں ڈسپلے کرتے ییں۔
دیکھنے میں یہ عام گلاسز لگتے ہیں اور اس سے چہرہ چھپتا نہیں یا یوں کہہ لیں کہ انہیں پہننے والوں کی آنکھیں، چہرہ اور تاثرات دیکھنا ممکن ہے,میٹا نے بتایا کہ یہ ہلکے وزن کے گلاسز ہیں جو چار دیواری کے اندر اور باہر دونوں جگہ کام کر سکتے ہیں۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ سمارٹ گلاسز ایسا ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرتے ہیں جو اب تک سمارٹ فون سکرین تک محدود تھا,اسی طرح آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے ذریعے آپ کو اپنی اردگرد کی دنیا کے بارے میں زیادہ بہتر تفصیلات ملتی ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ آپ اورین سے فریج کے اندر دیکھ سکیں گے اور میٹا اے آئی کی جانب سے اس میں موجود سامان کو مدنظر رکھ کر کھانے کی ترکیب کی تجویز دی جائے گی۔
سمارٹ گلاسز کے ذریعے آپ ویڈیو کالز بھی کرسکیں گے جبکہ میسنجر اور واٹس ایپ پر میسجز بھی بھیج سکیں گے،اسی طرح متعدد ایپس جیسے یوٹیوب اور دیگر کے ہولوگرافک ورژنز بھی دستیاب ہوں گے۔
سمارٹ گلاسز کے ساتھ ایک بریسلیٹ بھی دیا جا رہا ہے جسے gesture کنٹرول کرنے کے لیے پہننا ضروری ہوگا۔
کمپنی کے مطابق فی الحال یہ سمارٹ گلاسز عام فروخت کے لیے پیش نہیں کیے جا رہے بلکہ یہ محدود افراد کو دستیاب ہوں گے تاکہ ان کو زیادہ بہتر بنانے کے بعد سب کے لیے پیش کیا جائے۔
2023 میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میٹا کی جانب سے پہلے اے آر گلاسز 2027 میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
جولائی 2024 میں میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے پیشگوئی کی تھی کہ مستقبل میں ہر فرد کی آنکھوں پر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ گلاسز ہوں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسمارٹ گلاسز کا استعمال ایک نیا ٹرینڈ بن جائے گا،یعنی وہ اس ڈیوائس کو اسمارٹ فونز کا متبادل تصور کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ میٹا کی جانب سے 2021 میں اپنے اولین اسمارٹ گلاسز کو Ray Bans نامی کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا گیا تھا۔