(24نیوز)پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم کی دووکٹیں گرچکی ہیں،پہلی وکٹ3 رنز پر ہی گر گئی تھی۔
آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتھا ،پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صائم ایوب تھے جن کو صرف ایک رن پر مچل اسٹارک نے پویلین روانہ کیا۔
پاکستانی ٹیم ایک سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل کھیل رہی ہے،وہ کینگروز پر پوری طاقت سے حملہ آور ہونے کے لیے چار فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔
پہلے ون ڈے میچ کے لیے قومی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے 11 کھلاڑیوں میں پیٹ کمنز (کپتان)، جیک فریزر میکگورک، میتھیو شارٹ، اسٹیو اسمتھ، جوش انگلیس، مارنس لیبوشین، آرون ہارڈی، گلین میکسویل، شان ایبٹ، مچل اسٹارک اورایڈم زمپا شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ اوول میں ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 10 نومبر کو پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،تینوں ون ڈے میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔