نئی دہلی (ویب ڈیسک) راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں گزشتہ رات چوکوں اور چھکوں کی موسلادھار بارش کے باعث انڈین پریمیئر لیگ کا 11 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے گزشتہ رات کھیلے گئے میچ میں ممبئی انڈینز نے ٹاس جیت کر سن رائزز حیدرآباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو ان کے بولرز کے لیے قیامت خیز ثابت ہوئی۔ سن رائزرز کے اوپنر ٹریوس ہیڈ نے 18 گیندوں پر تیز ترین سینچری جڑ دی لیکن ان کے بعد آنے والے بیٹرز نے بھی کوئی کسر باقی نہ چھوڑی سب نے بیٹنگ کے خوب جوہر دکھائے اور بولرز کی درگت بناتے چلے گئے۔
ٹریوس ہیڈ نے مجموعی طور پر 24 گیندوں پر 62، ابھیشیک شرما نے 23 گیندوں پر 63 رنز بنائے، ایڈن مارکرم 28 گیندوں پر 42 اور ہینرک کلاسن نے صرف 34 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔سن رائزز حیدرآباد کی اننگز میں مجموعی طور پر 18 چھکے اور 19 چوکے لگے۔ سن رائزز حیدرآباد نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز کا ماؤنٹ ایورسٹ کھڑا کر دیا۔
ہدف کے تعاقب میں ممبئی انڈینز کے بیٹرز نے بھی خوب قہر ڈھایا تاہم وہ 5 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز ہی بنا سکے اور 31 رنز سے میچ ہار گئے۔ اس سے قبل آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور رائل چیلنجرز بنگلور نے 2013 میں پونے واریئرز انڈیا کے خلاف اسکور کیا تھا، بنگلور نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے تھے۔
اس میچ میں کسی بھی ٹی20 میچ کی دونوں اننگز کے سب سے زیادہ 538 رنز بنے جبکہ کسی بھی ٹی20 میچ میں سب سے زیادہ 38 چھکے بھی لگ گئے۔ اس میچ میں صرف 2 بولرز کی اکانومی 10 رنز سے نیچے رہی جو کہ ایک منفرد ریکارڈ ہے۔سن رائزرز حیدرآباد کے مڈل آرڈر بیٹر ابھیشیک شرما کو 23 گیندوں پر 63 رنز بنانے پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔