لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے کہا کہ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان اور ٹیسٹ سیریز کے دوران تیار کی جانے والی پچ بابر اعظم کے کہنے پر تیار کی گئی تھی۔
پچز کی تیاری اور کھلاڑیوں کی سلیکشن کپتان کی بنائی گئی حکمت عملی کے مطابق ہی ہوتی ہے، سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ پچز کی تیاری اور کھلاڑیوں کی سلیکشن پر کپتان کی حکمت عملی کو ترجیح دی۔
بابر اعظم جب کپتان تھے تو ان سے یہی کہا تھا کہ آپ نے کیا پلان بنایا ہے، آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھی ایسا ہی ہوا، انہوں نے حکمت عملی تیار کی اس کے مطابق وکٹ بنائی گئی۔
ر میز راجا نے کہا کہ بابر اعظم کپتان تھے، ان کو اجازت دے رکھی تھی کہ آپ گیم پلان ترتیب دیں، اپنے کھلاڑیوں کو اس کے مطابق تیار کریں، خاص طور پر پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے، کیونکہ وہ کپتان تھے اور گراؤ نڈ میں وہی ہوتا ہے جو کپتان نے پلان تیار کیا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچز کی نیچر کو جانے بغیر اندازے سے میچ کھیلنے کا نتیجہ سب کے سامنے آ جاتا ہے، کیونکہ پچ کو سمجھے بغیر آپ کوئی بھی پلان یا حکمت عملی اپنا ہی نہیں سکتے اور آخر میں وہ چیز آپ کے نقصان کا باعث بنتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھی اسی صورتحال سے گزرنا پڑ رہا ہے اور ہوم گراؤ نڈ پر شکست کی وجہ بھی یہی ہے کہ پچز اس طرح کا ریسپانس نہیں دیتیں جس طرح کا ٹیلنٹ پاکستان میں موجود ہے۔