ہوم Sports ارشد ندیم کا سُسر سے بطور تحفہ بھینس ملنے پر دلچسپ ردِ...

ارشد ندیم کا سُسر سے بطور تحفہ بھینس ملنے پر دلچسپ ردِ عمل سامنے آ گیا

0


قوم کے ہیرو، پیرس اولمپکس 2024 کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے سُسر کی جانب سے بطور تحفہ ملنے والی بھینس پر دلچسپ ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے بعد حال ہی میں کراچی کا دورہ کیا جہاں اُن کا تاریخی استقبال کیا گیا۔

ارشد ندیم نے گزشتہ شب نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا ہے۔

انٹرویو کے دوران جیویلن کھلاڑی، ارشد ندیم نے اپنی جدو جہد، زندگی اور ٹریننگ کے دوران آنے والی مشکلات سے متعلق بات کی۔

ارشد ندیم نے معروف صحافی وسیم بادامی کے متعدد دلچسپ سوالات کے جواب دیے۔

شو کے وسط میں ارشد ندیم کی اہلیہ، راشدہ نے بھی شرکت کی۔

ارشد ندیم اور راشدہ نے بتایا کہ ہماری شادی کو 8 سال ہو گئے ہیں، 2016ء میں شادی ہوئی تھی، 11 ربیع الاول کو شادی ہوئی تھی اور انگریزی مہینے، دسمبر کی تاریخ بھی 11 ہی تھی۔

شو کے دوران ارشد ندیم کی اہلیہ نے بتایا کہ ہماری محبت کی شادی تھی، ہمارے تین بچے ہیں، ایک بیٹی اور دو بیٹے، جب یہ اولمپکس کے لیے گئے تو میں نے اِنہیں بتا دیا تھا کہ یہ گولڈ میڈل صرف آپ کا ہے، یہ آپ کو ہی ملے گا۔

راشدہ نے بتایا کہ گھر میں صرف مجھے معلوم تھا کہ ارشد زخمی ہیں، پیرس جانے سے قبل ارشد میرے سامنے ہی اپنے زخم کی ٹِکور کیا کرتے تھے، میں تین دن سوئی نہیں، پریشان بھی تھی، گھر والوں اور ارشد کے کہنے کے باوجود میں نے آرام نہیں کیا، شوہر کی آخری تھرو نہیں دیکھی تھی مگر یقین تھا کہ یہ جیت جائیں گے۔

شو کے دوران ارشد اور راشدہ نے بطور تحفہ بھینس ملنے پر بھی بات کی۔

ارشد ندیم نے بتایا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ میرے سُسر نے ایسا کوئی اعلان کیا ہے، اہلیہ نے بتایا تھا، اہلیہ کو بھی ٹی وی کے ذریعے ہی اس اعلان اور انعام کا معلوم ہوا تھا۔

ارشد ندیم نے کہا کہ اہلیہ سے بھینس کے تحفے کا سُن کر میں نے کہا تھا کہ میرے سُسر اچھے خاصے امیر ہیں، اُن کے پاس ڈیڑھ دو مربع زمین ہے، مجھے بطور تحفہ کوئی پانچ ایکڑ زمین ہی دے دیتے، صرف بھینس دی ہے، چلو خیر ہے۔





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version