جناح پولو فیلڈز کے زیراہتمام سرسبز چوتھا جناح گولڈ پولو کپ 2024ء ٹیم ڈی ایس …
لاہور (سپورٹس رپورٹر) جناح پولو فیلڈز کے زیراہتمام سرسبز چوتھا جناح گولڈ پولو کپ 2024ء ٹیم ڈی ایس پولو نے جیت لیا۔ فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ٹیم اولمپیاء /اے زیڈ بی کو 7-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فائنل کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر فاطمہ فریٹرلائزر کے ڈائریکٹر عباس مختار، علی مختار، کلب کے سیکرٹری میجر علی تیمور (ر)، پولو لورز، فیملیز اور تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈی ایس پولو اور اولمپیاء /اے زیڈ بی پولو کے درمیان فائنل میچ بہت ہی زبردست رہا جو ڈی ایس پولو کی ٹیم نے 7-4 سے اپنے نام کیا۔ چوتھے چکر کے شروع تک سکور4-4 برابر تھا مگر آخری چار منٹ میں ڈی ایس پولو کے میکس چارلٹن نے شاندار کھیل پیش کرکے میچ اپنے نام کیا۔ڈی ایس پولو کی طرف سے فائنل کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے میکس چارلٹن نے 6 خوبصورت گول سکور کیے جبکہ احمد علی ٹوانہ نے ایک گول سکور کیا۔ اولمپیاء /اے زیڈ بی کی طرف سے نکلوس کورٹی اور نویلو اسٹاڈا نے دو دو گول سکور کیے۔ قبل ازیں سب سڈری فائنل میں ٹیم ایف جی پولو نے بی این کو 6-5 سے ہرا کر سب سڈری فائنل جیت لیا۔ فائنل میچ سے قبل ہیوی موٹرسائیکل رائیڈرز کی پریڈ بھی ہوئی اور مردو ں اور خواتین کے نیزا بازی کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔ اختتامی تقریب میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے فاطمہ گروپ کے ڈائریکٹر میاں عباس مختار کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔