پاکستان کے معروف اسپورٹس جرنلسٹ مرزا اقبال بیگ نے گزشتہ دنوں ’جیو نیوز‘ کے مقبول ترین مزاحیہ شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی۔
انسائیکلوپیڈیا کہلانے والے مرزا اقبال بیگ نے شو کے دوران میزبان تابش ہاشمی اور آڈینس کی جانب سے پوچھے گئے متعدد سوالات کے جواب دیے۔
مرزا اقبال بیگ نے بتایا کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، کامران اکمل اور عمر اکمل کے کزن ہیں، بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی اکمل صدیقی کے بڑے بھائی ہیں۔
مرزا اقبال بیگ کا کہنا تھا کہ مجھے شاہین شاہ آفریدی کا انٹرویو کر کے بہت مزہ آیا، وہ بہت سادہ مزاج کھلاڑی ہے۔
کھیلوں کے صحافی مرزا اقبال بیگ سے تابش ہاشمی نے انٹرویو کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے حالیہ و سابقہ چیئرمین میں موازنے سے متعلق سوال کر ڈالا۔
میزبان تابش ہاشمی نے پوچھا کہ رمیز راجہ یا محسن نقوی میں سے بہتر چیئرمین پی سی بی کون ہے؟
اس کے جواب میں مرزا اقبال بیگ نے کہا کہ رمیز راجہ محسن نقوی سے بہتر چیئرمین تھے کیوں کہ وہ خود ایک کھلاڑی تھے اور اُنہیں کرکٹ کی معلومات تھیں۔
مرزا اقبال بیگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ رمیز راجہ کی بدقسمتی رہی کہ وہ صرف ڈیڑھ سے سوا سال چیئرمین رہے، اُن کو وقت بہت کم ملا، وہ کچھ غلطیاں بھی کر رہے تھے مگر وہ محسن نقوی سے زیادہ بہتر چیئرمین ثابت ہوئے تھے۔