ہوم Sports سری لنکن کامندو مینڈس نے جاوید میانداد کا ریکارڈ برابر کردیا

سری لنکن کامندو مینڈس نے جاوید میانداد کا ریکارڈ برابر کردیا

0



کولمبو (ویب ڈیسک) سری لنکن بلے باز کامندو مینڈس نےٹیسٹ کیریئر کا تیز ترین آغاز کرتے ہوئے 4 اننگز میں 419 رنز بنا کر پاکستان کے سابق کرکٹر جاوید میانداد کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جاوید میانداد نے 1976 میں کیرئر کی پہلی 4 اننگز میں 419 رنز بنائے تھے۔ سری لنکا کے 25 سالہ بلے باز  کامندو مینڈس نے بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں یہ ریکارڈ برابر کردیا۔سلہٹ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران سری لنکا نے کئی ریکارڈ توڑے۔ زیادہ تر ریکارڈز دھننجایا ڈی سلوا اور کامندو مینڈس کی جوڑی نے بنائے اور ایک ہی ٹیسٹ میچ میں 2 سینچریاں بنانے والے پلیئرز کی تیسری جوڑی بن گئے۔

مینڈس نے نمبر 7  پر کھیلتے ہوئے ایک اننگز میں 102 اور دوسری اننگز میں نمبر 8 پر کھیلتے ہوئے 164 رنز بنائے، جس کے بعد وہ آخری 5 نمبروں پر 2 سینچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔

چٹگرام میں دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا نے انفرادی سینچری کے بغیر سب سے بڑا ٹوٹل (531) بنانے کا ایک اور عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ کوسل مینڈس نے سب سے زیادہ 93 رنز بنائے جبکہ کامندو مینڈس 92 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

2022 میں آسٹریلیا کے خلاف گال میں اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں کامندو مینڈس نے اپنی واحد اننگز میں 61 رنز بنائے تھے۔ سلہٹ ٹیسٹ میں 2 سینچریوں نے ان کے کیریئر کو 3 اننگز کے بعد مجموعی طور پر 327 رنز تک پہنچایا۔ ٹپ فوسٹر کے 355 اور لارنس روئے کے 336 رنز کے بعد مینڈس آل ٹائم لسٹ میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

اب اپنے ناقابل شکست 92 رنز کے بعد مینڈس کے کیریئر کا مجموعی اسکور چار اننگز کے بعد 419 رنز پر ہے اور انہوں نے جاوید میانداد کا 1976 کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔ جاوید میانداد نے اکتوبر 1976 میں 15 دن میں کھیلی گئی 4 اننگز میں 163، 25 ناٹ آؤٹ، 25 اور 206 رنز کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version