ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں جاری ایشیئن 6 ریڈ اور انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑی چھاگئے۔
انڈر 21 میں دونوں پاکستانی کھلاڑی احسن رمضان اور محمد حسنین اختر فائنل میں پہنچ گئے جبکہ 6 ریڈ بالز کے مقابلوں میں پاکستان کے اویس منیر نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ایشین 6 ریڈ اور انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ کے مقابلے سعودی عرب کے شہر ریاض میں جاری ہیں۔
6 ریڈ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کے اویس منیر اور اسجد اقبال مدمقابل تھے، بیسٹ آف 9 فریم کا یہ فائنل اویس منیر نے ہم وطن کیوئسٹ کے خلاف 5-2 سے جیتا۔ اویس نے 2-0 کے خسارے سے کم بیک کرتے ہوئے مسلسل 5 فریمز جیتے اور کامیابی اپنے نام کی، میچ میں اویس منیر کی کامیابی کا اسکور 59-29 ، 42-19 ، 12-42 ، 0-67 ، 9-44 ، 30-41 اور 0- 70 رہا۔
فائنل میں اویس منیر ہانگ کانگ کے نانسین وان سے مقابلہ کریں گے۔انڈر 21 میں پاکستان کے حسنین اختر اور احسن رمضان نے فائنل میں جگہ بنائی ہے، حسنین اختر نے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کے شاون لیو کو 4-1 سے شکست دی، حسنین اختر کی کامیابی کا اسکور 54-64 ، 21-59 ، 61-15 ، 10-86 اور 35-63 رہا۔
احسن رمضان نے ایران کے تیرداد آزادی پور کو ایک فریم ڈراپ کرتے ہوئے بیسٹ آف 7 میں 4-1 سے ہرایا، احسن کی ایرانی کیوئسٹ کے خلاف کامیابی کا اسکور 2-108، 24-61 ، 1-55، 56-48 اور7-63 رہا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے بعد سعودی عرب میں جاری مقابلوں میں پاکستان کا ایک گولڈ میڈل، دو سلور میڈل اور ایک برانز میڈل یقینی ہوگیا ہے جبکہ اویس منیرکی کامیابی کی صورت میں پاکستان کے 2 گولڈ میڈلز ہوجائیں گے۔