شاداب نے اپنی جلد شادی کا قصہ بیان کردیا
کراچی (آئی این پی) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے اپنی جلد شادی کا قصہ بیان کیا ہے۔شاداب نے ایک نجی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران چٹ منگنی اور شادی کا قصہ بتاتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2022 میں بگ بیش کھیل رہا تھا جس دوران میں انجرڈ ہوگیا اور یہی وجہ تھی کہ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آئندہ ہونے والی سیریز میں نہیں جاسکا تھا،اس وقت میرے سسر ثقلین مشتاق کا نیا گھر بنا تو انہوں نے میری فیملی کو اپنے گھر مدعو کیا تھا۔ آل راؤنڈر نے بتایا کہ اس کے بعد ثقی بھائی کے گھر قرآن خوانی میں والدہ نے میر ی بیگم کو دیکھا اور پھر ہمارا رشتہ پکا ہوگیا اور 3 دن میں ہمارا نکاح بھی ہوگیا، شادی کے بعد بھی میں اپنے سسر کو ثقی بھائی اور ساس کو بھابھی ہی بلاتا ہوں۔
کرکٹ میں آنے سے متعلق شاداب خان نے بتایا کہ مجھے بچپن سے ہی فٹبال کھیلنے کا شوق تھا اور یہی وجہ تھی کہ میں کرکٹ سے جان چھڑاتا تھا، میں ہارڈ بال کرکٹ کھیلنے سے بھی گھبراتا تھا، اس وجہ سے 20 منٹ کا لمبا راستہ طے کرکے اپنے کوچ سے چھپ کر دوسرے گیٹ پر جاکر ٹیپ بال یا پھر فٹبال کھیلتا تھا، اسی دوران میں نے فٹبال ٹیسٹ دیا اور پھر کلیئر بھی کرلیا لیکن اس کے بعد ابو کو جاننے والے ایک شخص نے کہا پاکستان میں فٹبال کا کوئی کیرئیر نہیں ہے جس کے بعد میں نے کرکٹ کھیلنا شروع کردی۔