پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 19ویں میچ میں ملتان سلطانز نے عثمان خان کی شاندار سنچری کی بدولت کراچی کنگز کو جیت کےلیے 190 رنز کا ہدف دے دیا۔
نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کراچی میں کھیلے جارہے اس میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
سلطانز کو پہلا نقصان تو 16 کے مجموعے پر ریزا ہینڈرکس کی صورت میں اٹھانا پڑا، لیکن اسکے بعد عثمان خان اور محمد رضوان کی 148 رنز کی پارٹنرشپ نے کنگز کے بولرز کو خوشی منانے کا موقع نہ دیا۔
محمد رضوان 44 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیل کر 164 کے مجموعے پر موزارابانی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
تاہم وکٹ کی دوسری طرف موجود عثمان خان نے اپنی جارحانہ اننگز جاری رکھی اور پی ایس ایل میں دوسری سنچری جڑی دی۔ انہوں نے 56 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔
عثمان خان نے 106 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 189 کے ٹوٹل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ملتان سلطانز کے دیگر کھلاڑیوں میں افتخار احمد 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ خوشدل شاہ 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس میچ کےلیے ملتان سلطانز اور کراچی کنگز دونوں ٹیموں میں دو دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
کراچی کنگز میں کیرون پولارڈ اور انور علی کی جگہ لوئس ڈپلائے اور میر حمزا شامل ہیں۔
ملتان سلطانز میں آفتاب ابراہیم اور شاہ نواز دہانی کی جگہ کرس جارڈن اور ڈیوڈ ویلے کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم کپتان محمد رضوان، ریزا ہینڈرکس، عثمان خان، طیب طاہر، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جورڈن، ڈیوڈ ویلے، اسامہ میر، محمد علی اور فیصل اکرم پر مشتمل ہے۔
کراچی کنگز کی ٹیم میں کپتان شان مسعود، ٹیم سیفرٹ، جیمز وینس، شعیب ملک، لوئس ڈو پلوئے، عرفان خان نیازی، محمد نواز، حسن علی، زاہد محمود، میر حمزہ اور بلیسنگ موزارابانی شامل ہیں۔
ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ سب کچھ اچھا جارہا ہے، لیکن تمام ڈیپارٹمنٹس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔
کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ہم درست سمت میں ہیں، میچ جیتنا چاہتے ہیں تاکہ پلے آف کیلئے کوالیفائی کرنے سے متعلق اپنے لیے صورتحال آسان بناسکیں۔