نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ (این زیڈ سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان منفرد انداز میں کرکے سب کو حیران کر دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے مقرر کردہ ڈیڈ لائن سے دو دن قبل این زیڈ سی نے انوکھے انداز میں کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے 2 ننھے بچے اسکواڈ کا اعلان کر رہے ہیں۔
ترجمان این زیڈ سی کے مطابق اینگس اور متلڈا نامی یہ دونوں بچے آکلینڈ کے مقامی کرکٹ کلب سے وابستہ ہیں۔
سوشل میڈیا پر جیسے ہی ان ننھے بچوں کی ویڈیو وائرل ہوئی تو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے اس منفرد انداز کو مداحوں نے خوب سراہا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس بھی نیوزی لینڈ نے کرکٹ ٹیم کے اعلان کے لیے منفرد انداز اپنایا تھا۔
ورلڈ کپ 2023 کے لیے این زیڈ سی نے ویڈیو میں پیغام جاری کیا تھا جس میں کھلاڑیوں کی بیگمات اور بچے ان کے نام کا اعلان کرتے دکھائی دیئے تھے۔