ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی متوقع پیدائش کی خبر جھوٹی …
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی متوقع پیدائش کی خبر کی تردید کر دی۔
گزشتہ چند ماہ سے بھارتی میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر افواہیں تھیں کہ انوشکا اور کوہلی کے ہاں دوسرے بچے کی آمد متوقع ہے جسے جوڑے نے خفیہ رکھا ہوا ہے، البتہ کچھ دن قبل ڈی ویلیئرز نے اس کی تصدیق کی تھی۔
سابق کپتان جنوبی افریقا نے یہ دعویٰ اپنے آن لائن شو میں کیا تھا جس میں انہوں نے کہا دونوں دوسرے بچےکی پیدائش کے منتظر ہیں، ویرات اس وقت ٹھیک ہیں اور اچھا وقت فیملی کے ساتھ گزار رہے ہیں، فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز چھوڑ دیے۔ان کا کہنا تھا کہ میں اس کے علاوہ کسی اور چیز کی تصدیق نہیں کرسکتا، میرا ویرات کوہلی کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے، یہ ایک فیملی ٹائم ہے اور ان کے لیے چیزیں اہم ہیں، فیملی زیادہ لوگوں کی ترجیح ہوتی ہے جوکہ اچھی چیز ہے۔
اب اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے بیان پر یوٹرن لیتے ہوئے کہا کہ میں نے اس وقت غلط معلومات شیئر کرکے بڑی غلطی کی، میری معلومات بالکل درست نہیں تھیں، کوئی نہیں جانتا کہ اصل بات کیا ہے اور ان کی فیملی میں کیا ہو رہا ہے۔ڈی ویلیئرز نے مزید کہا کہ میں ان کے اور اُن کے اہلخانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، سیریز سے وقفہ لینے کی وجہ کچھ بھی ہو لیکن مجھے امید ہے کہ ویرات کوہلی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ بالکل ٹھیک ہوں گے اور مضبوطی کے ساتھ کرکٹ میں واپسی کریں گے۔