- پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوینتی ورلڈ کپ میں پہلا گروپ میچ جیت لیا۔
- پاکستان نے سری لنکا کو 117 رنز کا ٹارگٹ دیا۔
- مقررہ بیس اوورز میں سری لنکا نو وکٹوں کے نقصان پر محض 85 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی وومن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شارجہ میں کھیلے گئے ایک گروپ میچ میں سری لنکا کی ٹیم کو 31 رنز سے شکست دی ہے۔
میچ کے دوران بائیں ہاتھ کی سپنر سعدیہ اقبال نے تین وکٹیں لیں، ان کے ساتھ نشرح سندھو، عمائمہ سہیل اور فاطمہ ثنا نے دو دو وکٹیں لیں۔ پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 117 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔
میچ کی ابتدا میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی ٹیم ایک وقت میں مشکل میں نظر آتی تھی جب اس کے 84 رنز پر 8 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ ایسے میں کپتان فاطمہ ثنا کی جانب سے لوئیر آرڈر پر عمدہ اننگ کی وجہ سے پاکستان تمام وکٹین گنوانے کے باوجود 116 کے سکور تک پہنچ سکا۔
فاطمہ ثنا کے مطابق، ’’ہم نے ٹاس جیت کر زیادہ رنز بنانے کی کوشش کی لیکن ہم ناکام رہے۔ لیکن ہم پھر بھی اچھا ٹارگٹ سیٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔‘‘
سگندھا کماری نے جلد اپنی آف سپن کے ذریعے ہی پاکستان کے دونوں اوپنروں کو آؤٹ کیا اور پھر پاکستان کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔
عمائمہ سہیل نے 18 جب کہ ندا ڈار نے 23 رنز بنائے۔ لیکن پھر بھی پاکستان کا ٹوٹل 100 تک پہنچتا نظر نہیں آ رہا تھا۔ سری لنکا کی کپتان چماری اٹاپٹو نے اپنی آف سپن کی مدد سے تین وکٹیں لیں۔ جب کہ سگندھا کماری بھی تین وکٹیں لینے میں کامیاب رہیں۔
لیکن محض بیس گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیس رنز بنانے والی فاطمہ ثنا کی اننگ میچ وننگ ثابت ہوئی۔
پاکستان سری لنکا کی اننگ کی شروعات میں ہی اپنی اوپننگ بالر ڈیانا بیگ سے تب محروم ہوگیا جب پہلی گیند کے بعد ہی انہیں پنڈلی میں چوٹ لگ گئی۔ ان کی جگہ بالنگ کروانے والیں ثنا فاطمہ نے چھ رنز کے انفرادی سکور پر موجود چماری اٹاپٹو کی وکٹ لی۔
فاطمہ ثنا کے مطابق، ’’ہم سب کو پتہ ہے کہ چماری بہت اچھی کھلاڑی ہیں، ہمیں اچھے سٹارٹ کے لیے ان کی وکٹ کی ضرورت تھی، اور وہ ہمیں مل گئی۔‘‘
اس کے بعد سری لنکا کی جانب سے کوئی بلے باز جم کے نہ کھیل سکا اور جب نشرح سندھو نے کاوشا دلہاری کی وکٹ لی تو گیارہ اوور میں سری لنکا کا سکور چار وکٹوں پر 47 تھا۔
تمام بیس اوور مکمل ہونے پر سری لنکا کا سکور نو وکٹوں کے نقصان سے 85 رنز تھا۔
چماری اٹاپٹو کے مطابق، ’’ہمیں چیز کرنے میں دشواری ہوئی۔ ہمیں نئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔‘‘
گزشتہ آٹھ خواتین کے ٹی ٹوینٹی ورلڈکپس کے دوران دونوں ٹیمیں گروپ سٹیج سے آگے نہیں پہنچ سکی ہیں۔
پاکستان اتوار کے روز بھارت کے ساتھ مقابلہ کرے گا۔ جب کہ سری لنکا کا اگلا میچ آسٹریلیا کے ساتھ ہوگا جو اگر اس بار بھی ورلڈ کپ جیت گیا تو یہ اس کا ساتواں ٹائٹل ہوگا۔
اس خبر کے لیے مواد فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے لیا گیا۔