(24 نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ بارش اور کم روشنی کی وجہ سے شروع ہوئے بغیر ہی منسوخ ہوگیا۔ جنوبی افریقہ تین میچوں کی یہ سیریز پہلے ہی دو صفر سے جیت چکا ہے جبکہ ون ڈے سیریز کا آغاز جمعرات سے ہوگا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کےدرمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی آج جوہانسبرگ میں کھیلا جانا تھا تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے ٹاس ہی نہیں کیا جاسکا۔جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ کا اعلان کیا گیا، جس میں ایک تبدیلی کی گئی تھی۔قومی ٹیم کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترنا تھا، جس میں عثمان خان کی جگہ پر سلمان علی آغا کو پلینگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔ٹیم کے کپتان محمد رضوان جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، صائم ایوب، طیب طاہر، محمد عرفان خان، سلمان علی آغا، عباس آفریدی، شاہین آفریدی، جہاندادخان، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دی تھی۔دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔