لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سابق کھلاڑیوں سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ جیو نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے سابق کھلاڑیوں کو مجوزہ ڈومیسٹک پلان پر بریفنگ دی اور “پاتھ وے ٹو پاکستان ٹیم” پلان سابق کرکٹرز سے شیئر کیا۔
سابق کھلاڑیوں نے پاتھ وے میں انڈر-19 کرکٹ کے نظرانداز ہونے کی نشاندہی کی۔ یہ نشاندہی سابق فاسٹ بولر سکندر بخت نے کی تھی جس کے بعد چیئرمین پی سی بی نے انڈر-19 کو مکمل اہمیت اور پاتھ وے میں شامل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ موجودہ قومی ٹیم کے معاملات پر باضابطہ کوئی گفتگو نہیں ہوئی لیکن ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی پرفارمنس پر صادق محمد نے برہمی کا اظہار کیا اور قومی ٹیم کی سلیکشن پر بھی تنقید کی۔سابق کپتان سلمان بٹ نے چار روزہ کرکٹ کو اہمیت دینے پر زور دیا اور کہا کہ لیگ این او سی کو پانچ فرسٹ کلاس میچز سے مشروط کیا جائے۔
سلمان بٹ نے پنٹینگولر کپ کےلیے پلیئرز منتخب کرنے کےلیے پلان بنا کردیا اور تجویز دی کہ 16 ریجن اور 10 ڈپارٹمنٹس کی کرکٹ کے بہترین پرفارمرز کو پانچ فریقی ٹورنامنٹ کھلایا جائے۔ سابق پلیئرز نے انڈر-16، انڈر-19 اور اے ٹیم کے زیادہ سے زیادہ ٹورز کروانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ اے ٹیم کو جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ سے زیادہ کھلایا جائے۔ملاقات میں سابق کرکٹرز کی جانب سے اسکول کرکٹ پر توجہ دینے کی بھی تجویز دی گئی۔