لاہور (ویب ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اور میچز کے حوالے سے آئی سی سی کا حتمی اعلان بدھ کو متوقع ہے ، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے تحریری یقین دہانی مانگ لی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پی سی بی نے بی سی سی آئی سے بات چیت کے بعد مستقبل کے ٹورنامنٹس کے ہائبرڈ ماڈل پر بین الاقوامی ادارے سے مبینہ طور پرتحریری یقین دہانی کا مطالبہ دہرایا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق بھارتی ٹیم حکومتی پالیسی کی وجہ سے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی، پی سی بی نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کیا جس میں بھارت کے میچ دبئی میں کھیلے جائیں گے جبکہ باقی ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلا جائے گا۔اسی طرح اگر بھارتی ٹیم سیمی فائنل اور فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہے تو یہ میچز بھی دبئی میں ہی ہوں گے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دو روز قبل تفصیلی ملاقات بھی کی تھی ۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا ایونٹ پاکستان میں 19 فروری 2025 سے 9 مارچ تک کھیلا جائے گا۔