فاسٹ بولر حسن علی نے جموں و کشمیر میں ہندو مسافروں کے اوپر ہونے والے حملے کے خلاف آواز آٹھائی ہے جس پر اُنہیں سخت تنقید کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں ہندو یاتری بس میں ویشنو دیوی کے مندر جا رہے تھے، بس پر حملے کے نتیجے میں 9 یاتری ہلاک جبکہ 33 کے زخمی ہونے کی خبریں آئی تھیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیو کھوڑی مندر میں پوجا پاٹ کے بعد عقیدت مند ماتا ویشنو دیوی کے درشن کے لیے بس کے ذریعے کٹرہ جا رہے تھے، جیسے ہی بس جنگلاتی علاقے میں پہنچی تو گھات لگائے بیٹھے کچھ دہشت گردوں نے بس پر تیزی سے فائرنگ شروع کردی تھی جس کے نتیجے میں بس کھائی میں جا گری تھی۔
اس دہشتگردانہ حملے کی جہاں بھارتی نامور فنکاروں نے مذمت کی وہیں قومی کھلاڑی حسن علی نے بھی انسٹاگرام پر ریاسی حملے کے متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک اسٹوری شیئر کی تھی۔
اس اسٹوری پر ’آل آئیز آن ویشنو دیوی اٹیک‘ جیسے الفاظ درج تھے۔
حسن علی کی جانب سے یہ اسٹوری شیئر کیے جانے پر اُنہیں متعدد حلقوں سے تعلق رکھنے والے صارفین نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر اب کرکٹر نے جواب بھی شیئر کیا ہے۔
حسن علی کا اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھنا ہے کہ ’دہشت گردی اور تشدد ایک سنگین مسئلہ ہے چاہے وہ کسی بھی مذہب کے خلاف ہو، اسی لیے میں اس اسٹوری کو شیئر کیا تھا، میں جہاں بھی ہوں امن کی حمایت کی کوشش کرتا ہوں، میں نے ہمیشہ غزہ میں حملوں کی مذمت کی ہے اور کرتا رہوں گا، ہر زندگی اہمیت رکھتی ہے۔‘
حسن علی کا مزید لکھنا تھا کہ ’اللّٰہ تعالیٰ گوادر میں شہید ہونے والوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔‘