پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نائب کپتان سعود شکیل نے کہا ہے کہ کپتان کو ہٹانے یا بنانے کا فیصلہ فرنچائز مالکان کا ہوتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے تیار ہیں، گزشتہ کئی روز سے تیاری کر رہے ہیں، اس سیزن میں اچھا پرفارم کرنے کے لیے منتظر ہیں۔
سعود شکیل نے کہا کہ موقع ملنے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا، سرفراز احمد سینئر ہیں اور ہمارے بڑے بھائیوں کی طرح ہیں، سرفراز احمد کا ٹیم میں کردار پہلے جیسا ہی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ کپتان رائیلی روسو دنیا بھر کی لیگز کھیلتے ہیں، انہیں اندازہ ہے کہ ٹیم کو کیسے ساتھ لے کر چلنا ہے، کپتان کو اندازہ ہے کہ اچھا کمبی نیشن کیسے بنایا جائے۔
سعود شکیل نے کہا کہ محمد عامر ورلڈ کلاس بولر ہے، ان کے آنے سے فائدہ ہوگا، محمد عامر دنیا بھر کی لیگز میں اچھا پرفارم کر رہے ہیں، نائب کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں ہے، جب بھی کپتانی کا موقع ملا تو انجوائے کیا۔
سعود شکیل نے کہا کہ دورۂ آسٹریلیا سے اعتماد میں کوئی کمی نہیں آئی، کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ پی ایس ایل کے میچز میں اچھا پرفارم کروں گا، ہماری دو سیزن کی کارکردگی ڈسکس ہوتی ہے مگر ابھی بھی ہماری جیت کی شرح سب سے زیادہ ہے، پی ایس ایل کے رواں سیزن پر فوکس ہے اور میرا اولین ہدف یہی ہے کہ ٹیم کے لیے اچھا پرفارم کروں۔