وارسا (ویب ڈیسک) پولینڈ میں ایک نوجوان نے اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سے اڑان بھر کر فضاء میں ’میری می‘ (MARRY ME) کے الفاظ اور دل کا نشان اسکیچ کر کے دل موہ لیا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق فلائٹ ریڈار نے ہیلی کاپٹر کی پرواز سے فضاء میں لکھے گئے الفاظ ’میری می‘ اور دل کے نشان کی تصویر جاری کی ہے۔ فلائٹ ریڈار کے مطابق یکم دسمبر کو پولینڈ کے نواحی علاقے میں الیگزینڈر نامی نوجوان نے سرخ، سفید اور سیاہ رنگ کا خوبصورت ہیلی کاپٹر کرائے پر حاصل کیا اور پائلٹ کے ساتھ ایئر پورٹ سے دوپہر 12 بج کر 38 منٹ پر اڑان بھری۔
ہیلی کاپٹر نے 15 منٹ کی مسافت پر فضائی حدود کی پابندی سے پاک علاقے پر جا کر 700 فٹ کی بلندی پر 1 گھنٹے تک پرواز کی، پائلٹ اور الیگزینڈر ہی جانتے تھے کہ دراصل اس اڑان سے کیا خاص کیا جانا ہے، جب پرواز اختتام کو پہنچ رہی تھی اور ہیلی کاپٹر ایئر پورٹ کے طرف واپس جا رہا تھا تو پائلٹ جیسک نے الیگزینڈر کو پُرجوش اشارہ کیا۔
الیگزینڈر نے اپنی محبوبہ اولیویا سے فلائٹ ریڈار پر اپنی پرواز کو ٹریک کرنے کا کہا، جیسے ہی اولیویا نے موبائل فون سے فلائٹ ریڈار پر ہیلی کاپٹر کو ٹریک کیا تو پرواز کا روٹ دیکھتے ہی وہ ’یس‘ کہتے ہوئے چیخ اٹھی اور اس کے ساتھ ہی الیگزینڈر نے شادی کی پیشکش کی خاص انگوٹھی نکال کر اپنی محبوبہ کو پہنا دی۔