|
اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی (UNRWA) اور مصری وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکام نے پیر کے روز ادارے کے سربراہ کو غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے اسے ایک ایسا اقدام قرار دیا جس کی کوئی مثال موجود نہیں ہے۔
فلسطینی پناہ گزین ایجنسی،یو این آر ڈبلیو کے سربراہ فلپ لازارینی نے قاہرہ میں مصری وزیر خارجہ سامح شکری کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پیر کو رفح جانے کا ارادہ تھا، “لیکن مجھے ایک گھنٹہ پہلے اطلاع ملی ہے کہ مجھے رفح میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔”
شکری نے لازرینی سے کہا، “اسرائیلی حکومت نے آپ کے داخلے سے انکار کیا جو اس اعلیٰ عہدے کے نمائندے کے لیے ایک ایسا اقدام ہے جس کی اس سے قبل کوئی مثال موجود نہیں ہے”۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر اور وزارت خارجہ نے تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
فلسطینی مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کا ادارہ۔ یو این آر ڈبلیو اے، جسے 1949 میں قائم کیا گیا تھا، فلسطینی مہاجرین کو امداد اور ضروری خدمات فراہم کرتا ہے اور غزہ میں اس طرح کی امداد فراہم کرنے والا یہ سب سے بڑا ادارہ ہے۔
لازارینی کو علاقے میں داخل ہونے کی اجازت سے انکار کرنے کا اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں فلسطینیوں کو ایک بڑھتے ہوئے انسانی بحران کا سامنا ہے، اور اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں پیر کے روز کہا گیا ہے کہ غزہ کے شمال میں اس وقت اور مئی کے درمیان قحط کا خدشہ ہے۔
لازارینی نے ایکس پر لکھا، “جس دن قحط کے بارے میں نیا ڈیٹا آرہا تھا، اسرائیل نے غزہ میں مجھے داخل ہونے سے روک دیا”۔ انہوں نے مزید لکھا، کہ ان کے دورے کا مقصد انسانی ہمدردی کی کارروائیوں کو بہتر بنانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ انسانوں کی پیدا کردہ یہ فاقہ کشی جس کا ہم مشاہدہ کر رہے ہیں، ہماری اجتماعی انسانیت پر ایک دھبہ ہے۔
غزہ کی پٹی کو اسرائیل کی گزشتہ پانچ ماہ کی زمینی اور فضائی کارروائیوں نے کھنڈر بنا دیا ہے اور حماس کے زیر انتظام صحت کے حکام کے مطابق 31 ہزار سے زیاد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بحران کو مناسب سیاسی عزم کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے اور غزہ میں زمینی گزرگاہوں کے ذریعے بڑی مقدار میں خوراک لائی جا سکتی تھی۔
یو این آر ڈبلیو اے کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر جولیٹ توما نے رائٹرز کو بتایا کہ 7 اکتوبر کو غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے چار بار، اور اس سے پہلے متعدد مواقعوں پر غزہ کی پٹی کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا، “اسرائیلی حکام نے آج یو این آر ڈبلیو اے کے سی جی (کمشنر جنرل) کو غزہ میں داخلے کی اجازت سے انکار کیا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ 2020 میں جب سے لازارینی کو اس عہدے پر متعین کیا گیا ہے ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ انہیں داخلے سے انکار کیا گیا۔
توما نے کہا کہ ہم آج صبح قاہرہ سے مصری طیارے پر قاہرہ سے العریش روانہ ہونے کے لیے تیار تھے۔
اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔