واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن ) اسرائیل پر جوابی حملے کے ردعمل کے پیش نظر امریکا نے ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرامز پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان کردیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے مشیر برائے قومی سلامتی جیک سلیوان نے کہاکہ امید ہے امریکا کے اتحادی اور شراکت دار بھی اس قسم کے اقدامات کریں گے، ایران پر پابندیوں کا مقصد اس کی عسکری طاقت کو محدودکرنا ہے، پابندیوں اور دیگر اقدامات سے ایران پر دباؤبرقرار رکھیں گے۔
دوسری جانب امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ امریکا ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے، یہ بات غلط ہے کہ ایران نے اسرائیل پر حملے کی وارننگ پہلے دی تھی، ایران سے حملے کا پیغام ملا تھا لیکن کوئی وقت، ہدف یا ردعمل کی نوعیت شامل نہیں تھی۔
جان کربی نےکہا کہ ایران کی واضح نیت بہت زیادہ تباہی کی تھی، اسرائیل آج بہت مضبوط اسٹریٹجک پوزیشن میں ہے۔