خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے امریکی میڈیا رپورٹ میں ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران میں ایک مقام پر میزائل داغے ہیں۔
تاہم رائٹرز نے کہا ہے کہ وہ آزادانہ طور پر ابھی ان رپورٹس کی تصدیق نہیں کر سکا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی اہلکار نے اسرائیل کی جانب سے میزائل حملے کے بارے میں اے بی سی نیوز کو بتایا۔
اس سے قبل ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی ‘فارس نیوز’ نے ایرانی شہر اصفہان کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب دھماکوں کی اطلاع دی تھی۔ تاہم ایرانی حکومت نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
اسرائیل کے ایران پر میزائل حملے کی اطلاعات ایسے موقع پر سامنے آ رہی ہیں جب دونوں ملکوں کے درمیان یکم اپریل کے بعد سے شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔
اصفہان شہر ایران کے دارالحکومت تہران سے تقریباً 350 کلومیٹر (215 میل) جنوب میں ہے۔ ‘رائٹرز’ کے مطابق ایران کے یورینیم افزودگی پروگرام کے مرکز ‘نطنز’ سمیت کئی ایرانی جوہری مقامات اصفہان میں واقع ہیں۔
فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج نے اصفہان میں دھماکوں کے بعد ایئر ڈیفنس سسٹم کو فعال کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘ایسو سی ایٹڈ پریس’ کے مطابق تجارتی پروازوں نے جمعہ کی صبح بغیر کسی وضاحت کے مغربی ایران کی طرف اپنا رخ موڑنا شروع کر دیا ہے۔
دبئی میں قائم کیریئر ایمریٹس اور فلائی دبئی نے مقامی وقت کے مطابق صبح 4:30 بجے کے قریب مغربی ایران کا رخ موڑنا شروع کیا۔ انہوں نے کوئی وضاحت پیش نہیں کی ہے۔
اس خبر کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔