امریکہ کے حملے کی دھمکی کے بعد ایران کا بھی کرارا جواب
تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ کے اردن میں اپنے فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ایران پر حملے کی دھمکیوں پر ایرانی حکومت نے سخت جواب دینے کا اعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق ایران کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس کے شہریوں، سرزمین سمیت مفادات پر حملہ کیا گیا تو ایران فیصلہ کن اور سخت جواب دے گا۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کی جانب سے بتایا گیا کہ تہران اپنی سرزمین پر کسی بھی حملے کو ریڈ لائن سمجھتا ہے جسے کراس کرنے پر بھرپور ردعمل سامنے آئے گا۔
اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے صدر کے نام پیغام میں کہا تھا کہ ایران کسی گروہ یا فرد کے خطے میں کسی قسم کے اقدامات کا ذمہ دار نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراق و شام میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں میں ایران کو ملوث کرنا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ہونے والے حملے میں ملوث عراقی گروپ کو جواب دیا جائےگا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اردن میں واقع امریکی اڈے پر شام میں سرگرم ملیشیا کے حملے میں 3 امریکی فوجی ہلاک اور 34 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔