ایرانی فوجی اہل کار نے اپنے ہی ساتھیوں پر گولیاں برسا دیں، 5اہل کار ہلاک
تہران(آئی این پی)ایرانی فوجی اہلکار نے اپنے ساتھیوں پر گولیاں چلا کر 5 اہلکاروں ہلاک کر دیا ۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایرانی صوبے کرمان میں اتوار کے روز فوجی اڈے پر پیش آنے والے واقعے کے محرکات کا علم نہیں ہو سکا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فوجی اہل کار نے اپنے ساتھیوں پر اس وقت گولیاں چلائیں جب وہ بیرکوں میں آرام کررہے تھے، ساتھیوں کو فائرنگ سے قتل کرنے کے بعد اہل کار موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔۔
واضح رہے کہ رواں ماہ ہی کرمان میں ایک حملے کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے تھے،جس کی ذمے داری کالعدم تنظیم نے قبول کی تھی،قبل ازیں 2022 میں بھی ایک فوجی اہل کار نے ایران کے جنوبی علاقے میں ایک تھانے میں فائرنگ کرکے پولیس اہل کاروں کو قتل کردیا تھا۔