ایران نے ملکی ساختہ نئے ڈرونز فوج کے حوالے کردیے
تہران(شِنہوا)ایران نے ملکی ساختہ جاسوس اور جنگی ڈرونز کی ایک بڑی تعداد اپنی فوج کے حوالے کردی ہے۔فوج کی تعلقات عامہ کی ویب سائٹ پر شائع ایک بیان کے مطابق، ڈرون حوالے کرنے کی تقریب میں آرمی چیف کمانڈر عبدالرحیم موسوی اور وزیر دفاع محمد رضا اشتیانی نے شرکت کی۔ بیان کے مطابق حوالے کی جانے والی بغیر پائلٹ کے فضائی گاڑیوں (یو اے وی) میں کثیر المقاصد ابابیل-4، ابابیل-5، آرش، باوار (ایمان) اور کرار جیٹ پاورٹارگٹ ڈرون شامل ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ابابیل-4 اور ابابیل-5 یو اے وی مختلف قسم کی جاسوسی اور نگرانی، گشت، الیکٹرانک وارفیئر، ڈیٹا اکٹھا کرنے اور فضائی جنگی مشن انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ کہ آرش اور باوار ڈرون طویل فاصلے تک خودکش کارروائیوں کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔