ایران کے ہسپتال میں خوفناک آتشزدگی، 9 مریض جاں بحق، متعدد زخمی
تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران کے شہر رشت کے ہسپتال میں آتشزدگی کے باعث 9 مریض جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق گائم نامی نجی ہسپتال میں آگ مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے لگی ،طویل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا تاہم آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔رشت میں واقع گیلان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے صدر محمد تاگی اشوبی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے آگ لگنے سے 9 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔انھوں نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ مرنے والے زیادہ تر مریض ہیں، انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کرایا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق اسپتال 250 بستروں پر مشتمل ہے، آگ لگنے کے وقت 142 مریض موجود تھے۔