ہوم World برطانوی شاہی خاندان میں کون کون کینسر کا شکار ہوئے؟آپ بھی جانئے

برطانوی شاہی خاندان میں کون کون کینسر کا شکار ہوئے؟آپ بھی جانئے

0



لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )حال میں شہنشاہ برطانیہ شاہ چارلس اور ان کی بہو شہزادی کیٹ میڈلٹن کینسر میں مبتلا ہوئے تاہم شاہی خاندان میں دیگر بھی اس موذی مرض کا شکار ہوچکے ہیں۔
نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق رواں سال پہلے شہنشاہ برطانیہ شاہ چارلس سوم کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر آئی پھر ان کی نوجوان بہو شہزادی کیٹ میڈلٹن کے اسی موذی مرض میں مبتلا ہونے کی خبروں نے دنیا بھر کو تشویش میں مبتلا کر دیا تاہم برطانوی شاہی خاندان میں پہلی بار یہ مرض داخل نہیں ہوا بلکہ صدیوں پر محیط شاہی خاندان میں اس مرض سے متاثرہ افراد کی ایک طویل فہرست ہے۔
برطانوی شاہی خاندان میں سب سے پہلے جس شخصیت میں اس موذی مرض کی تشخیص ہوئی وہ ملکہ وکٹوریہ اور پرنس البرٹ کی بیٹی شہزادی وکٹوریہ تھیں جو بریسٹ کینسر کا شکار ہوئیں۔شہزادی وکٹوریہ جو 1840 میں پیدا ہوئی تھیں وہ اسی موذی مرض کے باعث 1901 میں چل بسی تھیں۔
کنگ ایڈورڈ ہفتم نے برطانیہ پر 1901 سے 1907 تک حکومت کی۔ انہیں جلد کی ایک قسم کا کینسر لاحق ہوا تھا تاہم وہ قابل علاج تھا اور مرض کے خاتمے کے لئے ان کی ناک کے اطراف کا آپریشن کرکے ریڈیم سے علاج کیا گیا تھا۔
کنگ ایڈورڈ ہشتم نے محبت کی خاطر تخت سے دستبردار ہونے اور ڈیوک آف ونڈسر کا خطاب حاصل کرنے سے پہلے 1936 میں ایک مختصر مدت کے لئے حکومت کی۔طویل عرصے تک سگریٹ نوشی کی لت کا شکار رہنے کے بعد 1971 میں انہیں گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور اگلے ہی سال یہی موذی مرض ان کی موت کی وجہ بنا۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 77 برس تھی۔
کنگ جارج ششم نے برطانیہ پر 1936 سے لے کر 1952 تک حکومت کی تھی۔ انہیں پھیپھڑے کا کینسر ہوا تھا جس کے بعد 1951 میں سرجری کر کے ان کا ٹیومر زدہ پھیپھڑا نکال دیا گیا تھا تاہم وہ زیادہ طویل عمر نہ جی سکے اور 56 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔اس حوالے سے یونیورسٹی آف آکسفورڈ کی جانب سے 2018 میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق بہت زیادہ سگریٹ نوشی کے سبب کنگ جارج کو پھیپھڑے کا کینسر ہوا تھا۔
برطانیہ کے موجودہ بادشاہ چارلس کی نانی ملکہ الزبتھ جنہیں مادر ملکہ بھی کہا جاتا ہے کو اپنے شوہر جارج پنجم (1936 سے 1952) کے ساتھ تخت نشین رہنے کے دوران کینسر کی متعدد اقسام کی تشخیص ہوئی تھی۔ تاہم 101 سال کی عمر میں ان کی سال 2002 میں موت کے بعد تک اس بارے میں عوام کو نہیں بتایا گیا تھا۔سوانح نگار ولیم شاکراس نے اپنی 2009 کی کتاب دی کوئین مدر: دی آفیشل بائیوگرافی میں انکشاف کیا تھا کہ الزبتھ کو 1966 میں بڑی آنت کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد ٹیومر ہٹا دیا گیا تھا۔ بعد میں انہیں 1984 میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوئی توچھاتی میں موجود گانٹھ کو ہٹانے کے لیے سرجری کی گئی تھی۔
سارہ فرگوسن شاہ چارلس کے چھوٹے بھائی پرنس اینڈریو کی سابقہ بیوی ہیں، جنہوں نے جون 2023 میں اپنے چھاتی کے کینسر کی تشخیص کا اعلان کیا تھا۔جس کے ایک سال سے بھی کم عرصے بعدڈچز آف یارک نے جنوری 2024 میں انکشاف کیا کہ ان میں کینسر کی دوسری مہلک قسم میلانوما بھی تشخیص ہوئی ہے۔
برطانیہ کے موجودہ بادشاہ شاہ چارلس سوم میں رواں سال کے آغاز میں کینسر کی تشخیص ہوئی اور بکنگھم پیلس نے اس حوالے سے بیان جاری کر کے تصدیق بھی کی۔بکنگھم پیلس نے فروری 2024 میں اعلان کیا تھا کہ کنگ چارلس سوم لندن کلینک میں بڑھے ہوئے پروسٹیٹ کے علاج کے لئے داخل ہوئے جس کے ایک ہفتے بعد انہیں کینسر کی تشخیص ہوگئی جس کا علاج جاری ہے۔
برطانیہ کے ولی عہد پرنس ولیم کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کو بھی گزشتہ ماہ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کا باضابطہ اعلان انہوں نے چند روز قبل ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔کیٹ میڈلٹن کی جنوری میں پیٹ کی سرجری ہوئی تھی اور آپریشن کے بعد ٹیسٹ کے نتائج سے پتہ چلا تھا کہ ان کے جسم میں کینسر موجود ہے جس کے بعد فروری کے آخر میں ان کی ‘احتیاطی کیموتھراپی’ شروع کردی گئی ہے۔





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version