نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کی سیاسی صورتحال پر بھارت میں بھی کھلبلی مچ گئی ہے جس کے بعد بھارت کی اعلیٰ ترین قیادت سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ حسینہ کی حکومت ختم ہونے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نےکابینہ کمیٹی برائے سلامتی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں انہیں بنگلہ دیش میں پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، کابینہ سکریٹری راجیو گوبا، پی ایم کے پرنسپل سکریٹری پی کے مشرا، ریسرچ اینڈ انالیسس ونگ کے سربراہ روی سنہا اور انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تپن ڈیکا اجلاس میں موجود تھے۔بھارتی وزیر اعظم کی زیر صدارت یہ اجلاس پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں اس سیاسی بحران کے درمیان ہوا ہے جب اس کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے دیا اور ملک سے فرار ہوگئیں۔ حسینہ ہندن ایئربیس پہنچی جہاں انہوں نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے ملاقات کی۔