نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی بحریہ نے 3ماہ قبل صومالی قزاقوں کے ہاتھوں ہائی جیک ہونے والا بحری جہاز بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق بھارتی بحریہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ 40گھنٹے طویل آپریشن کے بعد اس بلک کیریئر کارگو بحری جہاز پر موجود 35صومالی قزاقوں کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا گیا اور جہاز کا کنٹرول سنبھال کر عملے کے 17اراکین کو بازیاب کرا لیا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں بھارتی بحریہ کی طرف سے مزید بتایا گیا ہے کہ بحری جہاز کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد غیرقانونی اسلحہ، گولہ بارود اور ممنوعی اشیاء کی موجودگی چیک کرنے کے لیے جہاز کی تلاشی بھی لی گئی۔ جہاز کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے کیے گئے آپریشن میں ڈرونز، بحریہ کے جہازوں اور میرین کمانڈوز نے حصہ لیا۔
بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز بین الاقوامی پانیوں میں موجود اس بحری جہاز سے ایک بھارتی جنگی جہاز پر فائرنگ کی گئی، جس پر بھارتی بحریہ حرکت میں آئی اور بھارت کے ساحل سے تقریباً2600کلومیٹر دور اس بحری جہاز کو روک لیا گیا۔ اس بحری جہاز میں صومالی قزاق تین ماہ قبل یمن میں سقوطری کے جزیرے پر 14دسمبر کو سوار ہوئے تھے۔ یہ جزیرہ صومالیہ سے لگ بھگ 240کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔