سرینگر(ڈیلی پاکستان آن لائن )مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں 2 الگ الگ واقعات میں مجموعی طور پر 5 کشمیری نوجوان شہید اور 2 فوجی اہلکار مارے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام کے گاﺅں موڈرگام میں بھارتی فوج، نیم فوجی دستہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور مقامی پولیس پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی لی۔بھارتی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر سے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک ہوگیا۔ جواب میں اس گھر کو تباہ کردیا گیا۔ گھر کے ملبے سے ایک مسلح نوجوان کی لاش ملی۔اس کے فوری بعد کلگام کے علاقے فریسام میں بھارتی فوج کی ایک گھر پر شدید گولہ باری میں 4 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جبکہ ایک فوجی اہلکار بھی جوابی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔
ترجمان بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس علاقے میں اب بھی2 حریت پسند کہیں چھپے ہوئے ہیں جن کی تلاش کے لئے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا۔ضلع راجوری میں بھی بھارتی فوجی کے ایک کیمپ کے قریب فائرنگ کی اطلاعات ہیں جس میں ایک فوجی زخمی ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق منجاکوٹ آرمی کیمپ پر رات بھر دہشت گردانہ حملے کی کوشش کی جاتی رہی۔مقبوضہ کشمیر میں ایک ہی دن میں بھارتی فوج3حملوں کا سامنا کرنے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی۔ فوجی اڈوں، تھانوں اور چوکیوں کو ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔ سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔