نئی دہلی (ویب ڈیسک ) بھارتی کی ریاست کیرالا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو پرواز کے دوران ہنگامہ آرائی پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ یہ شخص دبئی سے منگلور (کرناٹک) کی پرواز کے دوران عملے سے لڑتا اور مسافروں کو پریشان کرتا رہا۔
ایئر انڈیا ایکسپریس کے سیکیورٹی کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ کیرالا سے تعلق رکھنے والا شخص پرواز کے دوران سرکشی پر مبنی رویے کا اظہار کرتا رہا۔ اُس نے طیارے سے کودنے کی دھمکی بھی دی جس پر عملے نے الرٹ رہتے ہوئے اُس کی نگرانی کی۔
منگلور ایئر پورٹ پر ایئر انڈیا کے طیارے کی لینڈنگ کے بعد اس مسافر کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ یہ واقعہ 8 مئی کا ہے۔ ایئر انڈیا کے عملے نے بتایا کہ جب اُس نے پرواز کے دوران طیارے سے کودنے کی دھمکی دی تو بہت سے مسافر خوفزدہ ہوگئے۔