ہانگ کانگ (ویب ڈیسک) بین الاقوامی پرواز کی فلائٹ میں باتھ روم کا دروازہ ٹوٹنے سے ایئر ہوسٹس کو مشکل کا سامنا کرنا پڑگیا۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق 16 گھنٹے کی ایک بین الاقوامی فلائٹ میں دوران فضائی میزبان کو نیو یارک جانیوالی پرواز میں اس وقت مشکل کا سامنا کرنا پڑگیا، جب جہاز کے اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد ہی اس کے باتھ روم کا دروازہ ٹوٹ گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جان ایف کینڈی انٹر نیشنل ایئرپورٹ جانے والی پرواز کے روانہ ہونے کے صرف تین منٹ بعد باتھ روم کا دروازہ نکل گیا تھا، جس کی تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں۔
روزنامہ جنگ کے مطابق تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاز کا عملہ دروازے کو اپنی جگہ پر لگانے کی کوشش کررہا ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ دروازہ نکلا کیسے اور اس وقت باتھ روم میں کوئی موجود تھا بھی یا نہیں۔ بعد ازاں طیارہ اپنے مقررہ وقت کے مطابق اپنی منزل نیو یارک پہنچ گیا، اور ایئرلائن انتظامیہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔