(ویب ڈیسک)پاکستان سے تعلق رکھنے والے لاکھوں لوگ روزگار کے سلسلے میں بیرونِ ملک مقیم ہیں جہاں وہ ہر طرح کے حالات میں حلال رزق کما کر اپنے خاندان کی کفالت کرتے ہیں۔
ایسے ہی پاکستانیوں کی ایک بہت بڑی تعداد سعودی عرب میں بھی مقیم ہے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ ہے۔حال ہی میں انٹرنیٹ پر سعودی عرب میں 3 پاکستانی ڈرائیورز کی ویڈیو نے دھوم مچادی جنہوں نے بڑے بڑے ہوائی جہازوں کو ٹرکوں پر لاد کر دوسری جگہ منتقل کرکے سب کو حیران کردیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سعودی عرب کی سڑکوں پر سخت پولیس سیکیورٹی کے درمیان ہوائی جہازوں کو ٹرکوں پر لاد کر ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچایا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پوسٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سعودی حکام کو ناکارہ طیاروں کو ٹھکانے لگانے کیلئے منتقل کرنا تھا، اس پراجیکٹ کیلئے تقریباً 50 کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا تاہم کسی نے حامی نہیں بھری۔
دعوے کے مطابق اِس صورتحال میں پاکستانی ٹرک ڈرائیورز آگے آئے اور نہ صرف اس غیرمعولی پراجیکٹ کیلئے رضامندی ظاہر کی بلکہ اسے کامیابی سے پورا بھی کر دکھایا۔
درحقیقت یہ 3 (بوئنگ 77) طیارے سعودی عرب میں منعقد ہونے والے ‘ریاض سیزن’ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے جدہ سے ریاض منتقل کیے جارہے تھے۔
خصوصی ٹرکوں پر لدے ان طیاروں نے ایک ہزار کلو میٹر کا سفر 12 دنوں میں طے کیا، ان طیاروں کو 6 ستمبر کو جدہ سے روانہ کیا گیا تھا۔
اس دوران مختلف علاقوں میں یہ غیرمعمولی منظر دیکھنے کیلئے لوگوں کا ہجوم امڈ آیا اور طیاروں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
تاہم سوشل میڈیا پر سامنے آنے والا یہ دعویٰ درست ہے کہ یہ کارنامہ پاکستانی ڈرائیورز نے ہی سرانجام دیا تھا جن کے ہمت اور حوصلے کے سعودی حکام بھی معترف نظر آرہے ہیں۔
واقعے کی کئی ویڈیوز ٹک ٹاک اور انسٹاگرام سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہیں، جہاں کمنٹ سیکشن میں سعودی شہری بھی پاکستانی ڈرائیورز کے حوصلے اور لگن کو سراہتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔