سٹاک ہوم (ڈیلی پاکستان آن لائن)سویڈن میں گزشتہ سال ایک سے زائد مرتبہ قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے اور نذر آتش کرنے کے جرم میں 2 ملعونوں پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق سویڈش پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ ملعون سلوان مومیکا اور ملعون سلوان نجم نے 4 مرتبہ کسی نسلی یا قومی گروہ کے خلاف اشتعال کا مظاہرہ کیا۔دونوں ملزمان پر عائد فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں نے قرآن کی بے حرمتی کی، اسے نذر آتش کیا اور مسلمانوں کے خلاف توہین آمیز تبصرے کیے۔
سینیئر پراسیکیوٹر آینا ہینکو کا کہنا ہے کہ دونوں افراد پر 4 مواقع پر ایسے بیانات دینے اور قرآن کے ساتھ ایسا سلوک کرنے پر مقدمہ چلایا گیا ہے جس کا مقصد مسلمانوں کے عقیدے کی وجہ سے ان کی توہین کرنا تھا۔
آینا ہینکو نے کہا کہ ان کی رائے میں دونوں ملزمان کے بیانات اور ان کا عمل نسلی یا قومی گروہ کے خلاف اشتعال کی دفعات کے تحت آتے ہیں اور یہ ضروری ہے کہ یہ مقدمہ عدالت میں چلایا جائے۔