|
اردن، مصر اور اقوام متحدہ کے اشتراک سے اردن میں غزہ میں امداد کی ترسیل بہتر بنانے کے لئے ایک کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ جس میں امریکہ نے 40کروڑ 4 لاکھ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔
امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ سنگین انسانی حالات کے جواب میں غزہ اور اس کے آس پاس کے علاقے میں فلسطینی شہریوں کو اضافی انسانی امداد فراہم کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے منگل کو اردن کی میزبانی میں انسانی امداد کی کانفرنس میں کہا،”آج، میں فلسطینیوں کے لیے اضافی 404 ملین ڈالر کی نئی امداد کا اعلان کر رہا ہوں، جو 1.8 ارب ڈالر سے زیادہ کی ترقیاتی، اقتصادی اور انسانی امداد کے علاوہ ہے جو امریکہ نے 2021 سے فراہم کی ہے۔”
اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اردن کے شاہ عبداللہ نے منگل کے روز کہا tکہ غزہ میں فلسطینیوں کے لئے انسانی امداد فراہم کرنا ہماری انسانیت اور خلوص کا امتحان ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “ ہم غزہ کو نظر انداز نہیں کر سکتے، اس سے ہاتھ نہیں اٹھا سکتے ،وہ ہر ایک کی ترجیح ہونی چاہئیے کیونکہ تاریخ ہماری اسوقت کی کارکردگی کی بنیاد پر ہی ہمارے مقام کا تعین کرے گی”
کانفرنس سے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا اسوقت غزہ کے لئے انسانی امداد لے جانے والے تمام راستے استعمال کئے جانے چاہئیں اور انہوں زور دے کر کہا کہ” تمام زمینی راستے قطعی نازک اہمیت کے حامل ہیں”۔
گوتریس نے نے کہا کہ غزہ میں دس لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کے پاس پینے کا صاف پانی خاطر خواہ مقدار میں موجود نہیں ہے۔
اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ جس رفتار سے اور جس پیمانے پر غزہ میں قتل عام اور ہلاکتیں ہوئی ہیں وہ ہر اس چیز سے زیادہ ہے جو انہوں نے بہ حیثیت سیکریٹری جنرل اپنے گزارے ہوئے مہ و سال میں دیکھی۔
انکا کہنا تھا کہ یہ خوف و دہشت اب ختم ہونی چاہئیے۔ اب وقت آگیا ہے کہ یرغمالوں کی غیر مشروط رہائی کے ساتھ جنگ بندی ہوجائے ۔
امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن بھی جو اقوام متحدہ کی غزہ میں جنگ بندی سے متعلق منظور کردہ قرارداد پر عمل درآمد کے لئے امریکہ کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں خطے کے دورے پر ہیں، اس کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں.
شاہ عبداللہ نے منگل کو بلنکن کے ساتھ ایک الگ ملاقات میں جامع جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے معاہدے پر تبادلہ خیال کیا جس کے بارے میں محکمہ خارجہ نے کہا کہ “غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے ایک ٹھوس روڈ میپ پیش کرتا ہے۔”
خیال رہے کہ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے دہشت گرد حملے میں اسرائیل کے مطابق اسکےکوئی بارہ سو لوگ مارے گئے تھے جن میں سے زیادہ تر شہری تھے۔ جبکہ حماس نے کوئی ڈھائی سو لوگوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ ان میں سے ایک سو سولہ اب بھی فلسطینی علاقوں میں ہیں، جن میں اکتالیس وہ بھی ہیں جو فوج کے مطابق مارے جا چکے ہیں۔
ادھر غزہ کی وزارت صحت کے مطابق حماس کے حملے کے جواب میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کے نتیجے میں سینتیس ہزار فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت اعداد وشمار دیتے ہوئے جنگجوؤں اور عام شہریوں میں تفریق نہیں کرتی ہے۔
اس رپورٹ کے لئے کچھ مواد اے پی، رائیٹرز اور اے ایف پی سے لیا گیا ہے۔