ناجائز تعلقات کا شبہ، شوہر نے بیوی کو چھینی کے وار سے قتل کر دیا
نئی دہلی (آئی این پی ) غیر ازدواجی تعلقات کے شبہے میں شقی القلب شوہر نے بیوی کو چھینی کے وار کر کے قتل کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ دارالحکومت نئی دلی میں پیش آیا جہاں 40 سالہ خاتون کو اس کے شوہر نے بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ انہیں ایک خاتون کی لاش کی اطلاع ملی اور موقع پر جا کر دیکھا تو خاتون کی لاش خون سے لت پت پڑی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون کا چہرا بری طرح زخمی تھا اور اسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ خاتون کے شوہر نے غیر ازدواجی تعلقات کے شبے میں اسے قتل کیا اور یہ قتل گھر پر ہی کیا گیا، اس وقت دونوں کے بچے سکول گئے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق پولیس نے شوہر کو گرفتار کرکے مزید پوچھ گچھ کی تو ملزم نے بتایا کہ اس کی بیوی اسے طویل عرصے سے مسلسل نظر انداز کر رہی تھی، اسے یقین ہو گیا تھا کہ اس کے کسی دوسرے شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں جس کی وجہ سے اسے مایوسی ہوئی اور اس سے یہ جرم سرزد ہوا۔