ہوم World ناقص تعمیر ہوٹل زلزلے میں تباہ ترکی میں مالک اور معمار کو...

ناقص تعمیر ہوٹل زلزلے میں تباہ ترکی میں مالک اور معمار کو  ترکی میں 18 سال سے زائد قید کی سزا سنادی گئی

0



انقرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) ترکی کی ایک عدالت نے  اس ہوٹل کے مالک اور معمار کو 18 سال سے زائد قید کی سزا سنائی ہے  جس میں پچھلے سال زلزلے کے بعد عمارت گرنے سے 72 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ان ہلاک شدگان میں شمالی قبرص کے ایک سکول والی بال ٹیم کے 26 ارکان بھی شامل تھے۔ گرینڈ ایسئیس ہوٹل، جو ادیامان میں واقع تھا، فروری 2023 کے زلزلے میں منہدم ہو گیا تھا۔ اس  زلزلے کے نتیجے میں  ترکی میں 55 ہزار  جانیں ضائع ہوئیں۔

العربیہ کے مطابق ادیامان کی عدالت نے ہوٹل کے مالک احمد بوزکرت کو “شعوری غفلت کے ذریعے ایک سے زیادہ افراد کی موت یا زخمی ہونے کا سبب بننے” کے جرم میں 18 سال اور پانچ  ماہ قید کی سزا سنائی۔ احمد بوزکرت کے بیٹے، محمد فاطح بوزکرت کو 17 سال اور چار  ماہ قید کی سزا دی گئی۔ ہوٹل کے  معمار اردم یلماز کو انہی الزامات پر 18 سال اور پانچ  ماہ کی قید سنائی گئی۔

عدالتی فیصلے کے بعد ترک قبرص کے  وزیراعظم اُنال اوستیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سزائیں بہت نرم ہیں اور وہ اس معاملے کو اعلیٰ عدالت میں لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا “ہوٹل کے مالکان کو وہ سزا نہیں ملی جس کی ہمیں توقع تھی  لیکن اس کے باوجود، ہوٹل کی تعمیر کے ذمہ دار تمام افراد، بشمول معمار، کو سزا دی گئی،  اس سے ہمیں جزوی طور پر سکون ملا۔”

خیال رہے کہ زلزلے میں اس ہوٹل کے گرنے پر حکومت کو  ایسی عمارت کی تعمیر کی اجازت دینے پر جس کے پاس ضروری اجازت نامے نہیں تھے، سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
 
 





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version