- رفح پرحملہ ہو گا،جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کامعاہدہ ہو یا نہ ہو:نیتن یاہو۔
- ا جنگ بندی اوریر غمالوں کی رہائی کے بارے میں امریکہ، مصر اور قطر نے حماس کو ایک تجویز پیش کی ہے ۔
- حماس کے حکام نے اس تجویز پر بات چیت کے لیے پیر کو قاہرہ میں مصر اور قطر کے نمائندوں سے ملاقات کی۔
- بات چیت ایسے وقت ہوئی ہے جب امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن سعودی عرب، اردن اور اسرائیل کے حکام کے ساتھ صورتحال پر بات چیت کے لیے خطے کے دورےپر ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے منگل کو عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ غزہ کے جنوبی شہر رفح میں فوجی آپریشن کریں گے، قطع نظر اس کے کہ حماس کے ساتھ جنگ بندی اور غزہ میں یرغمالوں کی رہائی کا کوئی معاہدہ طے ہو یا نہ ہو۔
نیتن یاہو کے دفتر نےیہ بیان، ان کی یرغمالوں کے خاندانوں کے ساتھ ملاقات سے منسوب کیا ہے، اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا، “یہ خیال کہ ہم جنگ کو اس کے تمام اہداف کےحصول سے قبل روک دیں گے،بالکل ناممکن ہے ۔ کوئی معاہدہ ہوتا ہے یا نہیں ہوتا،مکمل فتح حاصل کرنے کے لیے ہم رفح میں داخل ہو ں گے اور وہاں حماس کے دستوں کا صفایا کردیں گے ۔”
وائٹ ہاؤس نے پیر کو کہا کہ امریکی صدرجو بائیڈن اسرائیل اور حماس کے درمیان مجوزہ جنگ بندی کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے مصر اور قطر کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
مصری صدر السیسی اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ فون کالز میں بائیڈن نے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ غزہ میں حماس کے پاس ابھی تک زیر حراست یرغمالوں کی رہائی پر دباؤ ڈالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں ۔
وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں یرغمالوں کی رہائی کو “غزہ کے لوگوں کے لیے فوری جنگ بندی اور امداد کی ترسیل میں حائل واحد رکاوٹ” قرار دیاہے۔
امریکہ، مصر اور قطر جنگ روکنےکے لیے کئی مہینوں سے جاری مذاکرات میں شامل رہے ہیں ۔ اس وقت زیر غور ایک تجویز میں ،تقریباً چھ ہفتوں تک جاری رہنے والی جنگ بندی، حماس کے پاس موجود یرغمالوں کی رہائی، اسرائیل میں زیر حراست فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور غزہ میں فلسطینی شہریوں کے لیے انسانی امداد میں اضافہ شامل ہے۔
حماس کے حکام نے اس تجویز پر بات چیت کے لیے پیر کو قاہرہ میں مصر اور قطر کے نمائندوں سے ملاقات کی تھی۔
یہ بات چیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن سعودی عرب، اردن اور اسرائیل کے حکام کے ساتھ صورتحال پر بات چیت کے لیے خطے کا دورہ کر رہے ہیں۔
غزہ میں اسرائیل کی جوابی کارروائی میں غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، 34,500 سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے تقریباً دو تہائی خواتین اور بچے ہیں۔
نیتن یاہو کہہ چکے ہیں کہ حماس کو مکمل طور پر شکست دینے کے لیے اسرائیلی فورسز کارفح میں داخل ہونا ضروری ہے۔
غزہ کی نصف سے زیادہ آبادی غزہ اور مصر کی سرحد کے ساتھ واقع شہر رفح میں پناہ لیے ہوئے ہے اور اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے شہر میں بڑا زمینی حملہ کیا تو امکانی طور پر کوئی بڑا انسانی سانحہ جنم لے سکتا ہے ۔
اس رپورٹ میں کچھ مواد اے پی، اے ایف پی اور رائٹرز سے لیا گیا ہے ۔