نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت نے پیرس اولمپکس 2024 کی تیاری کے لیے اپنے ایلیٹ ایتھلیٹس کی ٹریننگ پر کروڑوں روپے لگا دیئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے مختلف پروگرامز کے تحت اپنے ایتھلیٹس کی تیاری پر 17.9 کروڑ بھارتی روپے لگائے۔جیونیوز کے مطابق یہ رقم سرکردہ ایتھلیٹس کی بیرون ملک ٹریننگ اور کیمپس پر خرچ کی گئی ہے، ایلیٹ ایتھلیٹس کو امریکا، جرمنی، فرانس، اسپین اور اٹلی میں ٹریننگ کا موقع فراہم کیا گیا جبکہ بھارت میں دستے کے دیگر اراکین کے ٹریننگ کیمپس الگ سے جاری ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ایلیٹ ایتھلیٹس کو پیرس اولمپکس 2024 کی بہتر تیاری کا موقع فراہم کیا اور مشن اولمپک سیل ٹارگٹ اولمپک پوڈیم اسکیم کے تحت کروڑوں روپے خرچ کر رہا ہے۔سب سے زیادہ 6.25 کروڑ روپے بھارتی ایتھلیٹکس پر خرچ کیے گئے جبکہ بیڈ منٹن پر 5.77 کروڑ، شوٹنگ پر 3.83 کروڑ، ٹینس پر 1.57 کروڑ اور پیرا اسپورٹس پر 1.17 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
جیولین تھرور نیرج چوپڑا کے لیے جنوبی افریقا، فن لینڈ، جرمنی اور ترکیے میں ٹریننگ کیمپس لگائے گئے، نیرج چوپڑا کے 176 دن کے ٹریننگ کیمپس پر 48.76 لاکھ بھارتی روپے خرچ کیے گئے۔
دوسرے نمبر پر بیڈ منٹن پلیئر پی وی سدھو کو جرمنی میں 36 روز ٹریننگ فراہم کی گئی جس پر 26.60 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ سوئمنگ، آرچری، باکسنگ، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ کے بھی ایلیٹ ایتھلیٹس پر بھی رقم خرچ کی گئی۔